• کرم کی بھیک ملے تو حیات بنتی ہے        حضورﷺ آپ نوازیں تو بات بنتی ہے
  • رخِ حضورﷺ کا صدقہ یہ دن چمکتا ہے       آپ ﷺ کی زلفوں کے سائے سے رات بنتی ہے
  • ملے جو اذن ثنا ء کا تو لفظ ملتے ہیں       اگر ہو آپﷺ کی مرضی تو نعت بنتی ہے
  • در حبیبﷺ کی زیارت بڑی سعادت ہے       ہو آپﷺ کا بلاوہ تو برات بنتی ہے
  • جسے وسیلہ بنایا تمام نبیوں نے       اسے وسیلہ بناؤ تو بات بنتی ہے
Madina Munawara
الصلوۃ والسلام علیک یارسول اللہ
صَلَّی اللہُ عَلٰی حَبِیْبِہٖ سَیِّدِنَا مُحَمَّدِ وَّاٰلِہٖ وَاَصْحَابِہٖ وَبَارَکَ وَسَلَّمْ
وہ جہنم میں گیا جو ان سے مستغنی ہوا
ہے خلیل اللہ کوحاجت رسول اللہ ﷺ کی
آج لے ان کی پناہ آج مدد مانگ ان سے
پھر نہ مانیں گے قیامت میں اگر مان گیا
کون دیتا ہے دینے کو منہ چاہیے
دینے والا ہے سچا ہمارا نبی ﷺ
النَّبِيُّ أَوْلَىٰ بِالْمُؤْمِنِينَ مِنْ أَنْفُسِهِمْ ۔ سورۃ احزاب (۶۔۳۳)
یہ نبی مسلمانوں کا ان کی جان سے زیادہ مالک ہے

محب النبی حضرت خواجہ فخر الدین فخرجہاں دہلوی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کی حیات و تعلیمات

اولیاء اللہ نے اپنے درس و تدریس اور تحقیق و تصانیف کے ذریعے نہ صرف اسلام کو مقبول اور ہر دل عزیز کیا بلکہ مسلمانوں کے ایمان کو راسخ و مضبوط کیا ۔ ایک طرف ان کا علم و فضل ، حقیقت و صداقت کی گواہی دیتا رہا اور دوسری طرف ان کی باطنی اور روحانی طاقت اہل علم و بصیرت کی رہنمائی کرتی رہی۔ ان ہستیوں نے سنت نبوی ﷺ کی پیروی کرتے ہوئے ارشاد و تبلیغ کی مسند سنبھالی اور معاشرہ کی اصلاح و تربیت کی جوخدمات سر انجام دیں وہ ہماری مذہبی اور ثقافتی تاریخ کا روشن باب ہے۔ انہی برگزیدہ اور چنیدہ شخصیات میں ایک ایسی شخصیت کا نام ہمارے دل و دماغ پر حکمرانی کرتا ہوا دکھائی دیتا ہے ، جن کا نام حضرت خواجہ فخر الدین فخر جہاں دہلوی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ ہے، جو سلسلہ عالیہ چشتیہ نظامیہ کے مجدد اور گمراہی کے اندھیروں میں ہدایت کا نور ہیں۔ آپ اپنے وقت کے بہت بڑے عالم دین ، فاضل اور علوم ظاہری و باطنی کے جامع تھے۔

خواجہ فخر الدین فخر جہاںؒ کا نام و نسب

حضرت شاہ فخر الدین فخر جہاں دہلوی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کا اسم گرامی ، فخرالدین، جب کہ محب النبی، فخرجہاں اوربرہان العارفین آپؒ کے القاب ہیں۔اس کے علاوہ قطب یگانہ، قطب منفرد، قطب وحدت، قطب حقیقت، قطب الاقطاب، پیشوائے محبوبیت و عشق،مقتدائے عارفاں، امام کاملاں، قطب الاولیاء، غوث وقت، فرد الافراد، قطب الافراد، اور محبوب یزداں بھی آپؒ کے القابات وخطابات ہیں۔

خواجہ فخر الدین فخر جہاںؒ کی ولادت با سعادت

شاہ فخرالدین فخر جہاں دہلویؒ کی ولادت 1126ہجری 1717ء کو اورنگ آباد(انڈیا) میں حضرت شاہ نظام الدین اورنگ آبادی چشتی نظامی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے دولت کدہ میں ہوئی۔حضرت خواجہ فخرالدینؒ کا سلسلہ نسب والد ماجد کی طرف سے حضرت شیخ شہاب الدین سہروردی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے واسطے سے حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ تک پہنچتا ہےاور آپ کی والدہ ماجدہ حضرت خواجہ سید محمد گیسو دراز رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے خاندان سے تھیں، جن کا سلسلہ نسب سیدنا امام زین العابدین علیہ السلام سے ہوتا ہواسیدناعلی المرتضیٰ شیر خدا کرم اللہ وجہہ الکریم تک جاملتاہے۔
آپؒ کی ولادت پرآپ کے دادا جان حضرت شاہ کلیم اللہ دہلوی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے بہت مسرت کا اظہار کیا اورآپ کا نام فخرالدین تجویز فرمایا اور ازراہ عنایت و کرم اپنا لباس خاص آپؒ کے لیے تحفہ ارسال کیا اور ساتھ ہی یہ بشارت دی کہ؛
یہ بچہ مستقبل میں ہدایت وار شاد کی شمع روشن کرے گا، جس سے مخلوق کے سینے منور ہوں گے اور شریعت و طریقت کے میخانے میں پھر سے بہار آجائے گی۔ یہ بچہ دین حنیف کے لیے باعث فخر ہوگا
تاریخ گواہ ہے کہ مستقبل میں خواجہ فخر الدین فخر جہاںؒ اپنے عمل وکردار سے واقعی فخر العالم والدین کا عملی پیکر بنے۔ جس دور میں آپؒ کی ولادت ہوئی، سیاسی لحاظ سے وہ دور مسلمانوں کے زوال اور تنزلی کا دور تھا اور امارت دہلی پر انحطاط کے باقاعدہ آثار ظاہر ہوچکے تھے۔ ہندوستان کے اطراف و اکناف میں سکھ اور مرہٹے خوب لوٹ مار کررہے تھے اور نادر شاہ کی قتل و غارت بھی عام ہوچکی تھی۔ ان حالات میں دو جگہیں بڑی غیر معمولی نوعیت کی خدمات سرانجام دے رہی تھیں۔ ایک دہلی جس کے بارے میں شاہ عبدالعزیز محدث دہلوی رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا تھا؛
دہلی میں جس سمت بھی نکلیں، مدارس ہی مدارس نظر آتے تھے، جن میں درس و تدریس کا باقاعدہ دور دورہ تھا۔ ان مدارس میں بھی دو مدارس بہت اہم تھے، ایک مدرسہ جس کی بنیاد شاہ عبدالرحیمؒ نے رکھی تھی اور اس کو عروج کی انتہائی بلندیوں تک حضرت شاہ ولی اللہ رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ لے گئے تھے اور دوسرا مدرسہ اجمیری دروازے میں تھا، جہاں لوگ بڑی دور دور سے علم کی پیاس بجھانے آتے تھے، اور یہ مدرسہ حضرت شاہ فخرالدین فخر جہاں رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ کا مدرسہ تھا۔

خواجہ فخر الدین فخر جہاںؒ کو محب النبی کا لقب عطا ہونا

روایات میں ہے کہ خواجہ فخر الدین فخر جہاں رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کو آقا کریم نبی اکرم ﷺ کی ذات سے بے بے پناہ محبت و عقیدت تھی اوراسی نسبت سے ایک روز حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیریؒ اور حضرت خواجہ شاہ چراغ دہلویؒ نے حالت خواب میں آپ کو محب النبی کے لقب سے مخاطب فرمایا۔

خواجہ فخر الدین فخر جہاںؒ کی ابتدائی تعلیم و تربیت

حضرت شاہ نظام الدین اورنگ آبادی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے اپنے ہونہار صاحبزادہ کی تعلیم و تربیت کا انتظام نہایت اعلیٰ پیمانہ پر کیا۔ پھر حضرت شاہ کلیم اللہ دہلوی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے حکم پر انہوں نے وقت کے مشہور اور قابل ترین علماء سے خواجہ فخر الدین فخر جہاںؒ کی تعلیم کی تکمیل کرائی۔
شاہ فخر الدین فخر جہاں رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے ابتدائی تعلیم کے علاوہ بہت سی کتب اپنے والدماجد سے پڑھیں اور اس کے ساتھ ساتھ اپنے وقت کے مشہور اور قابل ترین علماء سے علوم متداولہ میں استفادہ کرنے کے علاوہ مکمل فوجی تربیت، طب پر عبوراور گھڑ سوار ی سمیت سپاہ گری میں بھی مہارت حاصل کی۔
حضرت شاہ فخر الدین ؒ نے فصوص الحکم، صدرا اور شمس بازغہ جیسی نابغہ روزگار کتابیں میاں محمد جانؒ سے پڑھیں اور ہدایہ مولانا عبدالحکیم سے پڑھی اور حدیث کی سند انہوں نے دکن کے مشہور محدث مولانا حافظ اسعد الانصاری المکیؒ سے حاصل کی۔

خواجہ فخر الدین فخر جہاںؒ کا روحانی مقام و مرتبہ

حضرت خواجہ فخر الدین فخر جہاں رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے والد بچپن ہی سے آپؒ سے شفقت فرماتےتھے اور آپ کی اصلاح باطن پر خصوصی توجہ فرماتے تھے اور آپؒ نے اپنے والد گرامی حضرت شاہ نظام الدین اورنگ آبادی چشتی نظامی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے دست مبارک پر ہی بیعت کی اورسولہ سال کی عمر میں آپؒ کو خلافت عطا ہوئی۔
آپ شریعت و طریقت دونوں میں عالی مرتبت تھے۔ آپ کے بہن بھائی آپ کو بچپن سے ہی ملا کہہ کر پکارتے، اس کی بنیادی وجہ یہ تھی کہ آپؒ ان کے ساتھ کھیل کود کی بجائے، ذات باری تعالیٰ سے اپنے آپ کو مربوط رکھتے۔ جب آپؒ کی عمر مبارک 16برس ہوئی تو ایک دن آپ کے والد گرامی حضرت شاہ نظام الدینؒ نے آپ کو اپنے پاس بلایا اور دیر تک سینے سے لگائے رکھا اور یوں تمام باطنی اور معنوی وراثت جو انہوں نے حضرت شاہ کلیم اللہ دہلویؒ سے حاصل کی تھی، آگے منتقل کردی اور بعد ازیں وہ وصال فرماگئے۔

خواجہ فخر الدین فخر جہاںؒ کا ذریعہ معاش

حضرت خواجہ فخرالدین فخر جہاں دہلویؒ نے تعلیم سے فراغت کے بعد سجادگی کی بجائے فوج میں ملازمت اختیار کرلی۔آپ کا پورا دن تیغ و تلوار اور سنان کی جھنکار میں گزرتا تھا اور رات کو آپ اللہ تعالیٰ کی بندگی میں رکوع و سجود میں مشغول رہتے تھے۔ آپ کی ظاہری وضع قطع ایسی تھی کہ کوئی پہچان نہیں سکتا تھا کہ یہ شخص کس قدر اعلیٰ و ارفع روحانی مراتب و مقام طے کرچکا ہے۔ آپؒ کا وصف تھا کہ اپنے آپ کو مکمل اخفاء میں رکھتے تھے۔
اہل لشکر (فوج) میں جب آپ کی نیک نامی، شان و شوکت اور بزرگی کو ظہور ہونا شروع ہوا تو آپ نے ملازمت کو خیر آباد کہہ دیا اور اورنگ آباد میں اپنے والد ماجد کے سجادہ نشین کا عہدہ سنبھال لیا۔ اورنگ آبادمیں بھی خواجہ فخر الدین فخر جہاں دہلویؒ نے اپنے احوال مخفی اور پوشیدہ رکھنے کی بھرپور کوشش کی لیکن روز بروز آپ کی نیک نامی اور شہرت کے چرچے زبان زدعام ہونے لگے۔ ان حالات کو دیکھ کر کئی بار آپؒ نے وہاں سے ہجرت کرنے کا ارادہ فرمایا مگر ہر بار یہ خیال آڑھے آجاتا کہ یہاں سے کیسے ہجرت کرو، یہاں تو میرے پیرومرشد اور والد گرامی حضرت شاہ نظام الدین اورنگ آبادیؒ کی قبر مبارک ہے۔ اسی کشمکش میں ایک دن آپ کو خواب میں اپنے والد محترم کی زیارت ہوئی، اس کے بعد آپؒ نے وہاں سے کوچ کرکے دہلی کو اپنا مرکز بنایا۔

خواجہ فخر الدین فخر جہاںؒ کی خواجہ قطب الدین بختیار کاکیؒ کے مزار پر حاضری

اورنگ آباد سے اپنے دو خادمین کے ساتھ خواجہ فخرالدین ؒ دہلی کے لیے روانہ ہوئے اور مختلف جگہوں سے ہوتے ہوئے حضرت خواجہ قطب الدین بختیار کاکی رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ کے مزار پر پہنچےاور مسجد میں اعتکاف کیا ۔ پھر سلسلہ چشتیہ کے دیگر مشائخ کے ہاں حاضری دی اور بالآخر اپنے داداجان حضرت شاہ کلیم اللہ دہلویؒ کے مزار پر دہلی پہنچے اور تین دن وہاں بھی قیام فرمایا۔

خواجہ فخر الدین فخر جہاںؒ کا دہلی میں قیام اور تبلیغ دین

خواجہ فخر الدین فخر جہاں دہلویؒ نے دہلی میں قیام کے دوران ایک دینی درسگاہ کی بنیاد رکھی اور سلسلہ درس و تدریس کا آغاز کیا اور اسی جگہ پر حضرت خواجہ نور محمد مہارویؒ، آپؒ کے حلقہ مریدین میں شامل ہوئے۔ آپؒ نے اپنےادارہ میں صرف درسی کتابیں پڑھانے پر اکتفانہ کیا، بلکہ حقائق و معارف کے وہ دریا بہائے کہ حضرت خواجہ محبوب الہٰی خواجہ نظام الدین اولیاء رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے دور کی طرح علم و عرفان کاچراغ پھرسے روشن کردیا۔
حضرت خواجہ فخرالدین فخرِ جہاں کا اندازِ تبلیغ وہی تھا جو آپؒ کے والد اور مرشد حضرت شاہ کلیم اللہؒ کا تھا۔ آپؒ فرماتے کہ غیر مسلموں کو بھی ذکر کرنے کی دعوت اور تلقین کرو، اس انتظار میں نہ رہو کہ پہلے وہ مسلمان ہوجائیں اور پھر ذکر کریں بلکہ جب وہ ذکر کریں گے تو کلمہ حق خودبخود انہیں اپنی طرف کھینچ لے گا۔

خواجہ فخر الدین فخر جہاںؒ کی حضرت فریدالدین گنج شکرؒ کے مزار پر حاضری

دہلی میں کچھ عرصہ قیام کے بعد حضرت خواجہ فخر الدین فخر جہاں رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے دہلی سے پاک پتن شریف میں حضرت باوا صاحب خواجہ فریدالدین گنج شکر رحمتہ اللہ تعالیٰ علیہ کے مزار اقدس پر حاضری کا ارادہ فرمایااور اپنے مرید خاص حضرت خواجہ نور محمد مہارویؒ کو اپنے ساتھ لیا اور پاک پتن شریف کی طرف روانہ ہوئے۔ آپؒ کا یہ سفر، عقیدت و محبت کی اپنی مثال آپ ہے کہ آپؒ نے میلوں پیدل سفر کیا، یہاں تک کہ آپؒ کے پاؤں میں ورم آگئے اور آبلے پڑگئے اور جب چلنے سے مجبور ہوجاتے تو پاؤں میں مہندی لگا لیتے تاکہ کچھ راحت مل سکے اور پھر محوسفر ہوجاتے۔
پاکپتن سے کچھ دور ایک مقام پرشاہ فخر الدین دہلویؒ نے رات کوقیام کیا۔ جب صبح ہوئی تو خواجہ نور محمد مہارویؒ نے آپؒ کو نہ پایا، جب آپؒ کی تلاش شروع کی تو آپؒ کے پاپوش (جوتے)مل گئے۔ کافی تگ و دو اور جستجو کے بعد پتہ چلا کہ آپؒ حضرت باوا صاحب خواجہ فرید الدین گنج شکرؒ کے مزار شریف پر پہنچ چکے ہیں اور باوا صاحبؒ کے احترام کی وجہ سے ہی اپنے پاپوش اسی جگہ پر چھوڑ آئے تھے۔
پاکپتن میں قیام کے دوران آپؒ حضرت باوا صاحبؒ کے مزار کے قریب ایک حجرہ میں ٹھہرے اور مسلسل عبادت و ریاضت میں مشغول رہتے۔ آپؒ کا معمول یہ تھا کہ آپؒ روزانہ شب کو 1000 نوافل اداکرتے۔حضرت خواجہ فریدالدین گنج شکرؒ کے مزار پرحاضری سے واپسی پرآپؒ کو خبر ملی کہ نواب نظام الدولہ ناصرجنگ کو شہید کردیا گیا ہے۔آپؒ اس خبر غم سےکافی رنج ہوا کیونکہ آپ کا نواب نظام الدولہ ناصر جنگ سے گہرا روحانی تعلق تھا۔

خواجہ فخر الدین فخر جہاںؒ کی پاکپتن سے دہلی واپسی

دہلی واپس پہنچنے پر خواجہ فخر الدین فخر جہاں دہلویؒ نے اجمیری دروازے کو اپنا مسکن بنایا اور درس و تدریس کا سلسلہ پھر شروع کردیا۔ آپؒ حدیث، تفسیر اور مسائل تصوف پر درس دیا کرتے تھے۔ آپؒ کی خانقاہ میں جوبھی آتا، وہ متاثر ہوئے بغیر نہ رہتا۔ آپؒ کا معمول تھا کہ کوئی نہ کوئی کتاب ہر وقت زیر مطالعہ رکھتے، خاص طور پر عوارف المعارف اور فوائد الفواد سے آپؒ کی بہت رغبت تھی۔

خواجہ فخر الدین فخر جہاںؒ کی تصانیف

حضرت شاہ فخرالدین دہلویؒ نے تین کتب خود بھی تصنیف فرمائیں۔ نظام العقائد، رسالہ مرجیہ اور فخرالحسن ۔ آپؒ نے اپنی کتاب فخرالحسن، حضرت شاہ ولی اللہؒ کے ایک بیان کی تردید میں لکھی جو انہوں نے سلسلہ چشتیہ کے بارے میں دیا تھا کہ حضرت خواجہ حسن بصریؒ کی سیدنا علی المرتضیٰ ؓسے ملاقات ہی ثابت نہیں۔
خواجہ فخر الدین فخر جہاں دہلویؒ کی تصنیف فخرالحسن کو بہت شہرت ملی اور جب یہ کتاب مولانا عبدالعلی بحر العلومؒ نے دیکھی تو فرمایا: احسن اعتقاد کے ساتھ ہم جانتے ہیں کہ جو کچھ بزرگوں نے لکھا ہے وہ حق ہے لیکن یہ جو تحقیق اور گہرائی خواجہ فخرالدین دہلویؒ نے کی ہے، ہم کو پہلے معلوم نہ تھی۔

خواجہ فخر الدین فخر جہاںؒ کا سفر حجاز مقدس میں ایک عورت کی داد رسی کرنا

ایک مرتبہ خواجہ فخرالدین دہلویؒ نے حج کا ارادہ کیا اور جب جہاز میں سوار ہونے لگے تو ایک بڑھیا نے عرض کیا: اے حضرت! میری بیٹی کی شادی ہے اور میرا یہ حال ہے کہ فاقے کرتی ہوں ، میں اپنی بیٹی کی شادی کرنے سے قاصر ہوں، میری کچھ مدد کیجیے۔ آپؒ نے یہ بات سنتے ہی جہاز سے اپنا سامان اتار لیا اورجو کچھ زاد راہ تھا سب اس بڑھیا کو دے کر حج کا اراداہ ملتوی کرکے واپس آگئے۔

خواجہ فخر الدین فخر جہاںؒ کی اعلیٰ ظرفی

ایک بار ایک شخص خواجہ فخر الدین فخر جہاں دہلویؒ کی خانقاہ میں آیا اور آپؒ پر حملہ آور ہونے لگا کہ آپؒ کے خادم نے اس کا ہاتھ پکڑ لیا۔ آپؒ نے اپنے خادم سے فرمایا: اس کا ہاتھ چھوڑ دو۔ آپؒ نے اپنا سر زمین پر رکھا اور فرمایا: ہم حاضر ہیں، جو کچھ تمہارے جی میں ہے کرلو، اس پر وہ شخص بہت شرمندہ ہوا اور باہر نکل گیا۔
تھوڑی دیر بعد وہ شخص اپنے ساتھ دو اور آدمیوں کو لے کر پھر آپؒ کی خانقاہ میں حاضر ہوا۔ آپؒ نے اس سے پوچھا: صاحب! بخیر و عافیت ہو؟۔ آپؒ کی اعلیٰ ظرفی دیکھ کر وہ شخص اس قدر متاثر ہوا کہ فوراً آپؒ کے قدموں میں گر گیا اور رو ،رو کر معافی مانگنے لگا اور آپ کا عقیدت مند بن گیا۔

خواجہ فخر الدین فخر جہاںؒ کا جذبہ خدمت خلق

خواجہ فخر الدین فخر جہاں دہلویؒ کا معمول مبارک تھا کہ اگر کسی مفلوق الحال شخص کے ہاں کوئی خوشی یا غمی ہوتی تو خود بھی جاتے اور اپنے مریدین اور معتقدین کو باقاعدہ ہدایت کرتے کہ وہاں جائیں اور بعض اوقات تو بیمار کے لیے طبیب بھی اپنی طرف سے ہی مقررفرماتے۔
ایک مرتبہ خواجہ فخر الدین فخر جہاں دہلویؒ کا ایک ملازم پیر محمد دو روز نہ آیا، تو آپ بہت فکر مند ہوئے۔ جب معلوم ہوا کہ وہ بیمار ہے تو فوراً اس کی عیادت کے لیے تشریف لے گئے۔ بہت محبت سے اس کا حال دریافت کیا اور حکیم میر حسن کو اس کے علاج کے لیے مقرر کیااور کچھ نقد رقم دینے کے بعد فرمایا؛
میاں پیر محمد! تم دوروز نہیں آئے اور فقیر کو اس زمانے میں پرسش احوال میں تاخیر ہوئی، اس کو معاف فرمادو۔

خواجہ فخر الدین فخر جہاںؒ کا انداز گفتگو

شاہ فخر الدین فخر جہاں دہلویؒ کا معمول تھا کہ آپؒ طالب علم کے ساتھ علم کے بارے میں، سپاہی سے فنون سپاہ گری پر، حکماء سے طب پر اور عام آدمی سے اس کی دلچسپی اوررحجان کے مطابق گفتگو فرماتے۔
خواجہ فخرالدین دہلویؒ نے اپنی ایک مجلس میں ارشاد فرمایا:میرے پاس مختلف الخیال لوگ آتے ہیں۔ بعض مجھے عالم جان کرآتے ہیں، بعض صوفی، بعض کیمیا گر اور بعض اوراد و وظائف کے لیے اور کچھ میرے اخلاق سے متاثر ہوکر۔ پس میں بھی ہر ایک کے اعتقاد اور طبیعت کے موافق ان سے گفتگو کرتا ہوں۔

خواجہ فخر الدین فخر جہاںؒ کی حضرت شاہ عبد العزیز محدث دہلویؒ سے رفاقت

خواجہ فخر الدین فخر جہاں دہلویؒ کا حضرت شاہ عبد العزیز محدث دہلوی ؒ سے بہت گہرا تعلق تھا۔جب دہلی کے حالات خراب ہو ئے تو شاہ عبدالعزیز محدث دہلویؒ کو حضرت خواجہ فخر الدین دہلوی ؒنے ہی اپنی حویلی میں رکھا اور ان کی خوب خدمت کی۔

خواجہ فخر الدین فخر جہاںؒ کا سنت رسول ﷺ کی پیروی کرنا

خواجہ فخر الدین فخر جہاں دہلویؒ کی ذات اقدس سنت نبویﷺ کا کامل اور عملی نمونہ تھی۔ آپ خود بھی سنت نبویﷺ پر سختی سے عمل پیراں ہوتے اور مریدوں کو بھی اتباع سنت کی تاکید فرماتے تھے۔

خواجہ فخر الدین فخر جہاںؒ کا عفو و درگزر

خواجہ فخر الدین فخر جہاں دہلویؒ کے عفو ودرگزر اور پردہ پوشی کا یہ عالم تھا کہ اکثر ایسا بھی ہوا کہ کچھ لوگ آپؒ کے کتب خانے سے کتابیں چراکر لےگئے اور پھر کسی اجنبی شخص کے ہاتھ وہی کتابیں آپؒ کو ہی فروخت کے لیے بھیج دیں۔ لیکن آپؒ نے کبھی ان سے یہ نہیں پوچھا کہ یہ کتاب انہیں کہاں سے اور کیسے ملی؟ بلکہ پھر سے خرید لیتے اور اپنے مریدین کو بھی حکم دیتے کہ عفو و درگزر سے کام لیا کریں۔

خواجہ فخر الدین فخر جہاںؒ کی عجز و انکساری

عجز اور تقویٰ کا یہ عالم تھا کہ ایک مرتبہ ایک بادشاہ حضرت خواجہ فخرالدین دہلویؒ کی خدمت میں حاضر ہوا اور اس نے آپکو اپنے شاہی محل میں تشریف لانے کی دعوت دی۔ بادشاہ کی دعوت پر آپ چلے گئے اور وہاں مجبوراً آپؒ کو کھانا بھی کھانا پڑا۔ اس بات کا تدارک آپؒ نے یوں کیا کہ واپسی پر آپؒ فوراً غرباء و مساکین کے ہاں گئے اور ان کے ساتھ بیٹھ کر بھی کھانا کھایا۔

خواجہ فخر الدین فخر جہاں دہلویؒ کے خلفاء و مریدین

خواجہ فخر الدین فخر جہاں دہلویؒ کے مریدین خاص میں سب سے پہلا نام خواجہ نور محمد مہاروی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کا آتا ہے۔سر سید احمد خانؒ لکھتے ہیں کہ جتنے بھی امراء، اہل اقتدار اور سلطان عہد تھے، سب خواجہ فخر الدین فخر جہاں دہلویؒ کی بیعت سے مشرف تھے اور آپؒ کی خاک در کو وسیلہ آبرو اور آپؒ کے غبارآستاں کو تاج و عزیمت سمجھتے تھے۔
دہلی کے نامور اور بڑے بڑے شاعر و ادیب حضرات آپؒ کے مرید تھے۔ خواجہ احسن اللہ دہلویؒ، مرزا مظہر جانِ جاناؒ کے شاگرد ہونے کے باوجود خواجہ فخرِ جہاںؒ کے مرید تھے۔ اس کے علاوہ نواب مصطفیٰ خان شیفتہ اور عنایت اللہ جام، مرزا سودا کے شاگرد ہونے کے باوجود آپؒ کے مرید تھے۔
فخر الطالبین میں درج ہے کہ حضرت فخر جہاں دہلوی ؒ اپنے مریدوں کو ہدایت فرماتے تھے کہ ہرروز سونے سےقبل دن بھر کے حالات کا محاسبہ کریں اوردیکھیں کہ بندہ ہونے کی حیثیت سے اپنے خالق کا حق ادا کیا کہ نہیں۔ حضرت فخر جہاں دہلوی ؒ اپنے مریدوں کو اس بات کی بھی سختی سے ہدایت فرماتے تھے کہ وقت کا کوئی لمحہ کسی فضول کام میں ضائع نہ ہو اور ہر دم یاد الٰہی میں گزارو۔

خواجہ فخر الدین فخر جہاںؒ کی حق گوئی و بے باکی

حضرت فخر جہاں دہلوی ؒ کے زمانے میں سکھوں کے مظالم حد سے بڑھ گئے تھے جس سے دہلی کاہر خاندان ان سے ہراساں اور پریشان تھا۔ بڑے بڑے خاندانوں کی عزت خطرے میں تھی، شاہ صاحب قتل و غارت کے یہ منظر دیکھتے تو سخت بے چین اور مضطرب ہوتے۔ مسلمانوں کے خون کی یہ ارزانی دیکھ کر ان کا دل تڑپنے لگتا۔ ان کو بادشاہ پر سخت غصہ آتا کہ وہ اس فتنہ کے انسداد سے کیوں غافل ہے۔
انہی ایام میں ایک روز بادشاہ (اکبر شاہ ثانی) ان کی خدمت میں حاضر ہوا اور درخواست کی کہ اپنے مبارک قدموں سے قلعہ کو نوازیں۔ خواجہ فخر الدین فخر جہاں دہلویؒ نے اخلاق کریمانہ سے یہ دعوت منظور فرمالی اور جب شاہی قلعہ میں کھانا کھاچکے تو حضرت فخر جہاں دہلوی ؒ نے بادشاہ سے مخاطب ہوکر کہا؛
کو ئی بادشاہ جب تک امورمملکت میں خود محنت اور مشقت سے کام نہ لے، اس کا بندوبست بہتر نہیں ہوسکتا۔ آپ نے ملک امیروں کے سپرد کر رکھاہے اور خود اس کے انتظام سے غافل ہیں۔ یہ بات ملک کے لیے بہتر نہیں ہے مناسب یہی ہے کہ آپ خود انتظام سلطنت کے سلسلے میں محنت کے لیے مستعد ہوجائیں۔ سکھوں کانا ہنجار فرقہ جو اسلام کا مخالف ہے ، ملک کےاہم حصوں پر قابض ہے۔ آپ کے امراء آپس میں لڑ رہے ہیں آپ کو چاہیے کہ ان میں محبت اور میل جول پیدا کریں اور ان سب کو تسلی دےکر اپنے ساتھ رکھیں کہ رعایہ کی فلاح و بہبود پر کام کریں کہ دینی اور دنیوی فلاح اسی میں ہے۔

خواجہ فخر الدین فخر جہاںؒ کے معمولات

حضرت فخر جہاں دہلوی ؒ اپنے معمولات پر سختی سے پابندتھے۔ آپ کا معمول مبارک تھا کہ فجر کی نماز کےبعد اپنے حجر سے میں تشریف لے جاتے اور دن نکلنے تک وہیں رہتے اور اس وقت کسی کو اندر آنے کی اجازت نہ ہوتی تھی۔ اس کےبعدآپ حجرے سے باہر مجلس میں آکر بیٹھتے، جہاں تمام یاران ومخلصان حاضر خدمت ہوتے ۔ اس وقت حدیث شریف کا درس شروع ہوتا اور قاعدے کے مطابق کوئی مرید حدیث شریف کی عبارت پڑھتا اور آپ اس پر درس فرماتے۔پھر کھانے کاوقت ہوجاتا اور قیلولہ کے وقت امیر کلویا نتھو موجود ہوتے اورخواجہ فخر الدین فخر جہاں دہلویؒ سینہ پر کوئی کتاب رکھ کر مطالعہ میں مصروف ہوجاتے، یہ کتاب عام طور پر فوائد الفوائد ہوتی۔
اس کے بعد خواجہ فخر الدین فخر جہاں دہلویؒ نماز ظہر باجماعت ادا فرماتے۔ تمام یاران مدرسہ نماز باجماعت میں شریک ہوتے اور نماز کے بعد آپ ہر ایک سے خندہ روئی اور بشاشت سے گفتگو فرماتے۔ جمعہ اور سہ شنبہ کو مولوی عظمت اللہ صاحب سے مثنوی مولانا روم سنتے۔ رمضان شریف کے مہینے میں آپ کے زیرسایہ لوگوں کا ذوق عبادت بہت بڑھ جاتا۔ آپ کا معمول تھا کہ ۲۷ رمضان کو سرائے عرب چلے جاتے اور قطب صاحب یا نظام الدین صاحب میں معتکف ہوجاتے۔

خواجہ فخر الدین فخر جہاں دہلویؒ کی حضرت خواجہ نور محمد مہاروی ؒپر خاص عنایات

ایک مرتبہ حضرت خواجہ فخرجہاں دہلوی رحمتہ اللہ علیہ کی محفل لگی تھی، حضرت خواجہ فخرجہاں دہلوی رحمتہ اللہ علیہ نے اپنے پیارے مرید اور خلیفہ قبلہ عالم حضرت خواجہ نور محمد مہاروی رحمتہ اللہ علیہ کی طرف اشارہ کر کے فرمایا : ہمارے پنجابی کے پاس جو بھی صدق دل سے حاضر ہوگا یہ اس کو اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے ملوا دے گا ۔
حضرت خواجہ فخرجہاں دہلوی رحمتہ اللہ علیہ فرمایا کرتے تھے کہ پنجابی (خواجہ نور محمد مہارویؒ) پورا پنجاب ہی لے جائے گا اور تاریخ گواہ ہےکہ قبلہ عالم خواجہ نور محمد مہاروی رحمتہ اللہ علیہ کی وجہ سے سلسلہ چشتیہ نظامیہ پنجاب میں پھیلا۔

خواجہ فخر الدین فخر جہاںؒ بطور مجددچشتیہ نظامیہ

حضرت خواجہ شاہ فخرالدین فخرجہاں دہلویؒ کو سلسلہ چشتیہ نظامیہ کا مجدد کہا جاتا ہے، کیونکہ آپؒ نے اور آپ کے مریدین بالخصوص خواجہ نور محمد مہارویؒ پنجاب میں، شاہ نیاز احمدؒ نے یوپی میں، حاجی لعل احمدؒ نے دہلی کے اطراف، مولانا جمال الدین ؒ نے رام پور میں، میر ضیاء الدینؒ نے جے پور میں اور میر شمس الدینؒ نے اجمیر شریف میں بہت محنت اور جدوجہد کی اور سلسلہ چشتیہ نظامیہ کو ملک کے دور دراز حصوں تک پھیلایا اور خانقاہیں قائم کیں۔

مغل بادشاہ بہادر شاہ ظفر کی خواجہ فخر الدین فخر جہاں دہلویؒ سےعقیدت

مغلیہ دور کے آخری بادشاہ بہادر شاہ ظفر کو بھی خواجہ فخر الدین فخر جہاں دہلویؒ سے بہت عقیدت تھی۔ مغل فرماں رواں بہادر شاہ ظفر نے اپنے دیوان میں جگہ جگہ حضرت شاہ فخرالدین دہلویؒ سےاظہار عقیدت کیا ہے؛
اے فخرجہاں، فخر زماں، فخر دوعالم
ہے لطف ترا حق میں، دل ریش کے مرہم
ایک اور جگہ پر بہادر شاہ ظفر کہتے ہیں
کیونکر نہ تو سر بفلک کھینچے کہ فخر الدین نے
دی ہے دستار تیرے سر پہ ظفر کھینچ کے باندھ
بہادر شاہ ظفر کی ولادت 1189 ھ میں ہے جبکہ خواجہ فخر الدین فخر جہاں دہلویؒ کا وصال 1199 میں ہوا۔ اس سے معلوم ہوا کہ بہادر شاہ ظفر نے حضرت خواجہ صاحب کو بچپن میں ہی دیکھا اور مرید ہو گیا۔
حضرت خواجہ صاحب ؒ کے ایک صاحبزادے کا نام قطب الدین تھا۔ بہادر شاہ ظفر کے بعض اشعار سے لگتا ہے کہ وہ خواجہ فخر الدین فخر جہاں دہلویؒ کے وصال کےبعد ان کا عقیدت مند ہو گیا تھا۔ ایک جگہ پر بہادر شاہ ظفر یوں بیان کرتے ہیں ؛

مرید قطب دین ہوں، خاکپائے فخر الدین ہوں
اگرچہ شاہ ہوں ، ان کا غلام کم تریں ہوں
انہی کے فیض سے ہے نام روشن میرا عالم میں
وگرنہ یوں تو بالکل روسیہ مثل نگیں ہوں میں
نہ کعبہ سے غرض مجھ کو ، نہ میخانے سے کچھ مطلب
ہمیشہ گھستا ان کے آستانے پر جبیں ہو میں ۔

خواجہ فخر الدین فخر جہاں دہلویؒ کا وصال مبارک

معروف روایت کے مطابق خواجہ فخر الدین فخر جہاں دہلویؒ کا وصال مبارک تقریباً 73 برس کی عمر میں27 جمادی الثانی 1199ھ کوہوا۔ آپ کا مزار دہلی (انڈیا)میں مرجع خاص وعام ہے۔
وصال سے ایک دن پہلے خواجہ فخر الدین فخر جہاں دہلویؒ کی زبان پر یہ شعر جاری تھا ؛
وقت آن آمد کہ من عریاں شوم
چشم بگذارم سراسر جاں شوم

حضرت خواجہ فخر الدین دہلوی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے اقوال

وقت کی قدر کرو اور اس کا کوئی لمحہ بھی کسی فضول کام میں ضائع مت کرو۔
اپنے انداز بیان کو اس قدر مستند بنا لو کہ اگر کوئی بندہ تجھ سے اللہ کا نام بھی سیکھ لے تو اس کا یہ عمل تیرے نامہ اعمال میں اضافہ کر دے گا۔
حرام مال کی مالداری سے غربت بہتر ہے۔
اللہ تعالیٰ کے ذکر کو ہمیشہ خشوع و خضوع سے کرو نہ کے تنگ دلی سے ۔
انسان کی زندگی میں اس کے ہم نشینوں کی صحبت کا بہت گہرا اثر ہوتا ہے لہٰذا تنگ نظر لوگوں کی محفل میں مت بیٹھا کرو ۔
طالب حق کو چاہیئے کہ رات کو سونے سے قبل اپنے پورے دن کا محاسبہ کرے اور یہ دیکھے کہ اس نے بندہ ہونے کا حق ادا کیا ہے کہ نہیں ؟
فرماں بردار بن کر زندگی گزارو گے تو فلاح پاؤ گے اور اگر مخدوم بن کرناز و نخرے والی زندگی گزارنا چاہو گے تو پریشانیوں کو دعوت دو گے۔
اے نادان ! دنیا سے دل مت لگا یہ عارضی ٹھکانہ ہے۔
مآخذ:
تذکرہ حضرت فخر جہاں دہلوی
مناقب فخریہ
تاریخ اولیائے چشت
تذکرہ مشائخ چشت

Ref: https://islamiat.pk/

 

Bayans Murshid-e-Kamil

Annual Mehfil e Milad
Birthday Mehfil
Milad un Nabi Lahore
Milad un Nabi Lahore

Urs Mubarik complete List

Golden Sayings

Read Golden Sayings of Murshid E Kamil

Books & Booklets

Download Murshid E Kamil Books & Booklets

Waseel-e-Nijaat Part-47

Beliefs of Aqaid Ahle Sunnat Wa Jammat

Murshid Pak - Bayans

Murshid Pak - Bayans on Youtube